Live Updates

پاک بھارت میچ کیلئے مختلف شہروں میں بڑی سکرینز لگانے کی تیاریاں

مختلف نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے بھی میچ کو براہ راست دکھانے کے لیے بڑی سکرینز لگائی جائیں گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 14 ستمبر 2025 13:15

پاک بھارت میچ کیلئے مختلف شہروں میں بڑی سکرینز لگانے کی تیاریاں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2025ء ) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں مداحوں کی دلچسپی بڑھ گئی۔ کراچی سمیت مختلف شہروں میں دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کو براہ راست دکھانے کے لیے بڑی اسکرینز نصب کی جائیں گی۔ کیماڑی کے ساحل پر پورٹ گرینڈ میں بھی شائقین کرکٹ کو میچ سے لطف اندوز کرانے کے لیے بڑی اسکرین لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مختلف نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے بھی میچ کو براہ راست دکھانے کے لیے بڑی اسکرینز لگائی جائیں گی، اس موقع پر حاضرین کی تواضع کے لیے پرلطف اور ذائقے دارکھانوں کا بھی اہتمام ہوگا۔ 
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا جس کے حوالے سے قیاس آرائیاں اور تجزیے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ایک جانب جہاں بھارت کو ایونٹ جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تو وہیں دوسری جانب پاکستان سہ فریقی سیریز کے فائنل اور ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھاری مارجن سے فتح حاصل کرکے شہ سرخیوں میں ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر سنجے مجریکر نے بھی پاکستانی اسپن اٹیک کو بھارت کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2014 سے اب تک کھیلے گئے آخری آٹھ میچز میں سے سات میں پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے اور تینوں میں ہی پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم فاتح رہی۔

پاکستان نے 2021ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں 10 وکٹ اور ایشیاء کپ 2022ء میں پانچ وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔ امکان ہے کہ آج کے میچ میں بھی ٹاس میچ کے نتیجے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ 
ادھر دبئی پولیس کے ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق دبئی میں ہونے والے ایشیاء کپ 2025ء میں بد زبان، پرتشدد اور نسل پرستانہ جملے کسنے والے کرکٹ فینز کو 1 سے 3 ماہ کی قید ہوگی اور 23 لاکھ روپے تک کا جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات