پاکستانی فارما انڈسٹری عالمی سطح پر نمایاں، سرمایہ کاری بڑھنے لگی

عالمی کنزیومر ہیلتھ کمپنی ہیلیون نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان

پیر 8 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)پاکستان کا فارماسیوٹیکل سیکٹر تیزی سے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے لگا، سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی معاونت سے غیر ملکی کمپنیاں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے لگیں۔عالمی کنزیومر ہیلتھ کمپنی ہیلیون نے پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی ملک میں پیناڈول کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے پیداوار بڑھائے گی اور نئی صلاحیت پیدا کرے گی۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات 45 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔اس کے علاوہ فارما، سرجیکل، غذائی سپلیمنٹس اور میڈیکل ڈیوائسز سمیت مختلف طبی مصنوعات کی برآمدات کا مجموعی حجم 90 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان فارما مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق، حکومتی معقول پرائسنگ پالیسی اور قیمتوں کو آزاد کرنے کے فیصلے سے فارما سیکٹر کی برآمدات میں 34 فیصد اضافہ ہوا۔ اس پالیسی نے سرمایہ کاری اور پیداوار دونوں کو فروغ دیا ہے۔فی الحال افغانستان، فلپائن، سری لنکا، ازبکستان اور عراق پاکستانی ادویات کے بڑے خریدار ہیں، جبکہ کینیا، ویتنام، میانمار اور تھائی لینڈ میں بھی برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔پی پی ایم اے کے اندازے کے مطابق، پاکستانی فارماسیوٹیکل برآمدات 2030 تک بڑھ کر ڈیڑھ ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔