پیمرا کا میسرز حمزہ صادق نیوز نیٹ ورک (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز

پیر 8 ستمبر 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے میسرز حمزہ صادق نیوز نیٹ ورک (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور کے خلاف واجبات کی ادائیگی کے لیے دیئے جانے والے دو پوسٹ ڈیٹڈ چیکس بینک سے ڈس آنر ہونے پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پیمرا نے متعلقہ کمپنی کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے پیمرا آرڈیننس 2002 ترمیم شدہ پیمرا (ترمیمی ) ایکٹ 2023ء کے سیکشن 33(3) کے تحت متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست جمع کرا دی ہے۔

مذکورہ کمپنی کے ذمہ ابھی بھی ایک کروڑ 43 لاکھ 24 ہزار 285 روپے واجب الادا ہیں جن کی ادائیگی کے لئے پیمرا نے متعلقہ کمپنی کو متعدد مواقع فراہم کیے اور متعلقہ کمپنی کو پوسٹ ڈیٹڈ چیک جمع کرانے کی رعایت بھی دی مگر اس کے باوجود متعلقہ کمپنی کی جانب سے جمع شدہ چیکوں جن پر درج کل رقم چالیس لاکھ روپے ہے، کی ادائیگی سے قاصر رہی ، لہٰذا پیمرا نے پاکستان پینل کوڈ 1860 کے سیکشن 489 ایف کے تحت کارروائی کیلئے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔