ایچ ای سی اور ٹیلر اینڈ فرانسس کا مشترکہ ویبینارکل ہو گا

منگل 9 ستمبر 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور عالمی شہرت یافتہ اشاعتی ادارہ ’’ ٹیلر اینڈ فرانسس‘‘ کی جانب سے محققین، طلبہ، اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے ایک مفت آن لائن ویبینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ ویبینار 10 ستمبر کی صبح 11 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جاری رہے گا۔

ویبینار کا مقصد ٹیلر اینڈ فرانسس کے تحقیقی جرائد تک مؤثر رسائی حاصل کرنے کے طریقہ کار سے شرکا کو روشناس کروانا ہے۔ اس تربیتی سیشن میں ماہرین کی طرف سے یہ رہنمائی فراہم کی جائے گی کہ محققین بین الاقوامی جرائد کی تلاش، ان میں نیویگیشن اور اپنے تحقیقی کام کے لیے موزوں مواد کے انتخاب کا ہنر کیسے سیکھ سکتے ہیں۔ شرکا کو انسٹیٹیوشنل آئی پی کے ذریعے ہینڈ آن پریکٹس کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا جس سے سیکھنے کا عمل مزید مؤثر بنے گا۔

(جاری ہے)

ویبینار کی سپیکر رادھیکا شرما ہیں جو ٹیلر اینڈ فرانسس میں سینئر مارکیٹنگ منیجر کے عہدے پر فائز ہیں ۔ اس تربیت میں شرکت کرنے والوں کو تحقیقی وسائل تک خصوصی رسائی بھی دی جائے گی جو ان کے تحقیقی سفر میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ ویبینار میں شرکت کے لیے کوئی فیس نہیں رکھی گئی اور تمام دلچسپی رکھنے والے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ دیئے گئے لنکhttps://tinyurl.com/3534wnzjکے ذریعےاپنی رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ یہ اقدام ایچ ای سی کی اس کاوش کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو عالمی سطح کے مطابق فروغ دیا جا رہا ہے۔