Live Updates

جلالپور پیروالہ میں ریسکیو آپریشن تیز ، 400 افراد محفوظ مقامات پر منتقل

منگل 9 ستمبر 2025 11:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) جلالپور پیروالہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں، آج صبح 6 بجے سے اب تک 400 سے زائد افراد کو مختلف بستیوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام ادارے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور ریسکیو عملے کی دن رات کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ کمشنر کے مطابق صرف آج صبح 6 بجے سے اب تک 400 سے زائد افراد کو مختلف بستیوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ گز شتہ روز ایک ہی دن میں ساڑھے چار ہزار سے زائد متاثرین کو ریسکیو کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہاکہ یہ ریس کیوسرگرمیاں متاثرہ عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے جاری رہیں گی اور کسی بھی شہری کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیلابی صور تحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ تمام متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی تک ریسکیوآپریشن بلاتعطل جاری رہے گا تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات