فاسٹ بائولر عثمان شنواری کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

عثمان خان شنواری نے 2013ء میں ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے پاکستان کی طرف سے آخری ٹی 20 میچ اکتوبر 2019ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 ستمبر 2025 11:46

فاسٹ بائولر عثمان شنواری کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2025ء ) بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عثمان خان شنواری نے دسمبر 2013ء سے دسمبر 2019ء تک ایک ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 16 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد آج بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 
عثمان خان شنواری دسمبر 2013ء، اکتوبر 2017ء اور دسمبر 2019ء میں بالترتیب سری لنکا کے خلاف پاکستان کے لیے ٹی ٹونٹی کیپ نمبر 58، ون ڈے کیپ نمبر 216 اور ٹیسٹ کیپ نمبر 240 بنے۔

 
وہ 2018ء میں اے سی سی مینز ون ڈے ایشیا کپ میں بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے۔
31 سالہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک وکٹ حاصل کی جب کہ 34 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کیں۔ 
ان کی بہترین باؤلنگ پرفارمنس میں سری لنکا کے خلاف دو ون ڈے پانچ وکٹیں شامل ہیں ، انہوں نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں 2017ء میں 34 رنز کے عوض 5 وکٹیں اور نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں 2019ء میں 51 رنز دیکر 5 شکار کیے۔

(جاری ہے)

 
واضح رہے کہ سال 2022ء میں عثمان شنواری کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرنے کی خبر سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی۔ 
پاکستان کارپوریٹ لیگ کے میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے عثمان شنواری نام کے مقامی کرکٹر انتقال کر گئے تھے، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ 
عثمان شنواری کو اس وقت حیرت ہوئی جب ان کی موت سے متعلق پوچھنے کے لیے ان کی فیملی کو لوگوں نے فون کرنا شروع کیا۔ 
عثمان شنواری نے موت کی افواہواں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے میں بالکل ٹھیک ہوں۔ 
کرکٹر نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کا شکر ہے میں بالکل ٹھیک ہوں، لوگ میری پوری فیملی کو فون کرکے خیریت پوچھ رہے ہیں۔