Live Updates

’’ایشیا کی سیکنڈ بیسٹ ٹیم کو لپیٹ دیا۔‘‘’’پہلے آصف علی، پھر نسیم شاہ اور اب محمد نواز

منگل 9 ستمبر 2025 15:07

’’ایشیا کی سیکنڈ بیسٹ ٹیم کو لپیٹ دیا۔‘‘’’پہلے آصف علی، پھر نسیم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء) ٹرائی سیریز کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کی عبرتناک شکست کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہو گئی۔یو اے ای میں ہونے والی تین ملکی ٹی 20 سیریز کا فائنل گزشتہ شب کھیلا گیا۔ اس لو اسکورنگ میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان ٹیم کو عبرت ناک شکست دے کر اس کا ٹرافی اٹھانے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

اس شرمناک شکست کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین کرکٹ کی جانب سے میمز کی بھرمار ہو گئی، جس میں افغان ٹیم پر گہرے طنز کے تیر برسائے اور افغان پرستاروں کی جانب سے قومی ٹیم کے خلاف کی جانے والی ہرزہ سرائی کا جواب دے دیا۔ایک صارف نے لکھا کہ ’’پہلے آصف علی، پھر نسیم شاہ اور اب محمد نواز۔

(جاری ہے)

افغانستان کی ٹیم یہ تین نام کبھی نہیں بھولے گی۔

‘‘ایک پاکستانی شائق نے کپتان سلمان علی آغا کی ڈان اسٹائل میں تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ایشیا کی سیکنڈ بیسٹ ٹیم کو لپیٹ دیا۔‘‘ ایک اور میمز میں ایک جانب پاکستان ٹیم کو فتح کا جشن مناتے ہوئے اور دوسری جانب افغان ٹیم کی جرسی پہنے شائق کو زار وقطار روتے دکھایا گیا ہے ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’’ لیکن سر، ہم تو ایشیا کی دوسری بہترین ٹیم تھے۔

‘‘ایک صارف نے عرفان پٹھان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’افغانستان ایشیا کہ دوسری بہترین ٹیم ہے، یہ اعلان انڈین کارٹون نیٹ ورک نے کیا۔‘‘ایک صارف نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شکست کے بعد عرفان پٹھان کی افغان کپتان راشد خان کے ہمراہ جشن مناتی تصویر شیئر کرکے سابق بھارتی کرکٹر کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے لکھا کہ ’’پڑوسیوں سنڈے کیسا رہا۔

‘‘ایک اور صارف نے لکھا کہ سیریز سے قبل نواز اور فہیم اشرف کی اسکواڈ میں شمولیت پر منفی تبصرہ کرنے والے دونوں قومی کرکٹرز کے ساتھ مجھ سے بھی معافی مانگیں۔ایک اور پاکستانی پرستار نے ان دنوں وائٹ ٹی 20 کرکٹ ٹیم سے باہر سابق کپتان بابر اعظم کی پیشگوئی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’’بابر نے کہا تھا کہ نواز میرا میچ ونر کھلاڑی ہے۔‘‘گزشتہ روز یو اے ای میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 141 رنز ہی بنا سکی۔

گرین شرٹس کی جانب سے اتنے کم اسکور کے بعد افغان ٹیم کے حوصلے اور اسٹیڈیم میں موجود ان کے حامی پرستاروں کا جوش وجذبہ عروج پر پہنچ گیا تھا اور وہ ڈیڑھ گھنٹے بعد اپنی ٹیم کو ٹرافی اٹھانے کا جاگتی آنکھوں خواب دیکھ رہے تھے۔تاہم پاکستان ٹیم کے شاندار کم بیک اور محمد نواز کی ناقابل فراموش ہیٹ ٹرک کے نتیجے میں عبرت ناک شکست ملنے پر افغان ٹیم کا ٹرافی اٹھانے کا خواب چکنا چور ہو گیا جب کہ فینز پر بجلیاں گر گئیں۔ میدان میں بیٹھی افغان خاتون مداح کی روتے ہوئے ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات