اسلامی یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺاور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر قومی سیمینار اور نمائش کا انعقاد

منگل 9 ستمبر 2025 15:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد فیصل مسجد کیمپس کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں ’’سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیرت نمائش و سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس علمی و فکری تقریب کا اہتمام انٹرنیشنل سنٹر آف ایکسیلنس فار سیرت سٹڈیز، اسلامی تحقیقاتی ادارہ (آئی آر آئی)، جامعہ محمدی شریف چنیوٹ، اور اسلامی یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے اشتراک سے کیا گیا۔

تقریب کی سرپرستی صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ سیمینار میں ممتاز اسکالرز، ماہرین تعلیم اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں عصر حاضر میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اخلاقی اقدار، سچائی، رواداری اور مثبت گفتگو کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

کلیدی مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ علوی (نمل اسلام آباد)، پروفیسر ڈاکٹر احمد بن سعید القرنی (سعودی عرب)، ڈاکٹر غسان عبدالمجید (شام) اور ڈاکٹر عبدالرحمن السلحی (یمن) شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ میں موجود اخلاقی اصول آج کے ڈیجیٹل دور میں رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ڈاکٹر عبدالصمد شیخ (شعبہ حدیث، اسلامی یونیورسٹی) نے علما کرام کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نوجوانوں کو ڈیجیٹل اخلاقیات سکھانے میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

پروفیسر ڈاکٹر فضل اللہ اور پروفیسر ڈاکٹر حافظ تاج افضل نے تعلیمی اداروں کی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو سیرت کی روشنی میں جدید چیلنجز سے نمٹنے کی تربیت دیں۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر حافظ غفران احمد اور ڈاکٹر رخسانہ طارق نے نوجوانوں کی آن لائن سرگرمیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر روحانی اور اخلاقی رہنمائی ناگزیر ہو چکی ہے. ڈائریکٹر جنرل اسلامی تحقیقاتی ادارہ، پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ ہمیں پرامن، سچائی پر مبنی اور بامقصد گفتگو کا درس دیتی ہے، جسے ڈیجیٹل دور میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق نائب صدر اسلامی یونیورسٹی اور سیمینار کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کو اسلامی اقدار اور سچائی کے فروغ کا ذریعہ بنانا ہوگا، نہ کہ انتشار اور غلط معلومات پھیلانے کا۔تقریب کا اختتام جامعہ محمدی شریف کے صدر، صاحبزادہ محمد قمر الحق کے اظہار تشکر پر ہوا جنہوں نے تمام شرکا، سکالرز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سیمینار کا پیغام نوجوانوں کے لیے مشعل راہ بنے گا۔