سپیکر قومی اسمبلی سے بحرین شوریٰ کونسل کے رکن ڈاکٹر عادل عبدالرحمن المعودہ کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

منگل 9 ستمبر 2025 16:08

سپیکر قومی اسمبلی  سے بحرین شوریٰ کونسل کے رکن  ڈاکٹر عادل عبدالرحمن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بحرین شوریٰ کونسل کے رکن اور قانون سازی و قانونی امور کمیٹی کے نائب سربراہ ڈاکٹر عادل عبدالرحمن المعودہ نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاک-بحرین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکر نے مہمانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین برادرانہ تعلقات پائے جاتے ہیں، پاکستان ان تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی سطح پر رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے،پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،بحرین کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک۔بحرین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ پارلیمانی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر بحرینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ بحرین شوریٰ کونسل کے رکن اور قانون سازی و قانونی امور کمیٹی کے نائب سربراہ ڈاکٹر عادل عبدالرحمن المعودہ نے سپیکر قومی اسمبلی کے بحرین سے متعلق تاثرات کو سراہا اور کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔بحرین میں مقیم پاکستانی بحرین کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،بحرین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔