Live Updates

پی ٹی آئی نے ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان کو یوسی 8 بلدیہ ٹان کے وائس چیئرمین کے لیے ٹکٹ جاری کر دیا

منگل 9 ستمبر 2025 23:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف نے لوکل گورنمنٹ ضمنی انتخابات کے لیے کراچی سے ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے یوسی 8 بلدیہ ٹان کے وائس چیئرمین کے لیے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان ایک معروف قانون دان ہیں، وہ انصاف لائرز فورم کراچی ڈویژن کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اور ضلع کیماڑی کے سینئر نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ضمنی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کی حکمرانی کے بغیر معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو دہائیوں سے لوٹنے والے سیاستدانوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 15 برسوں میں 3360 ارب روپے کراچی کو نہیں دیئے گئے کراچی کی عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اگر یہ رقم حقیقی معنوں میں کراچی کی ترقی پر خرچ ہوتی تو شہر کے تمام مسائل حل ہو چکے ہوتے۔

بدقسمتی سے پیپلزپارٹی اور نااہل بلدیاتی نمائندوں نے یہ وسائل عوام پر خرچ نہیں کیے، جس کے نتیجے میں کراچی تباہ حالی کا شکار ہے۔ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ بلدیہ ٹان کی عوام نے ہمیشہ عمران خان پر اعتماد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے اور وہ اسی عوامی خدمت کے مشن کو لے کر ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا عوامی مینڈیٹ پی ٹی آئی کے پاس ہے لیکن ایک سازش کے تحت کراچی سے جیتی ہوئی 22 قومی اور 35 صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھینی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی تباہی کے اصل ذمہ دار پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتیں ہیں۔ عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلدیہ ٹان کی نشست جیت کر پی ٹی آئی کو تحفہ پیش کریں گے اور اس مرتبہ عوام کسی بھی قسم کی دھاندلی یا سازش برداشت نہیں کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات