صارفین کا ڈیٹا پی ٹی اے کے پاس نہیں بلکہ لائسنس یافتہ آپریٹرز کے پاس ہوتا ہے، پی ٹی اے کی وضاحت

منگل 9 ستمبر 2025 18:57

صارفین کا ڈیٹا پی ٹی اے کے پاس  نہیں    بلکہ  لائسنس یافتہ آپریٹرز کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے میڈیا میں آنے والی ان خبروں کا نوٹس لیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ صارفین کا ذاتی ڈیٹا آن لائن دستیاب ہے، پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا پی ٹی اے کے پاس موجود نہیں ہوتا اور نہ ہی پی ٹی اے اس کو مینج کرتا ہے، یہ ڈیٹا صرف لائسنس یافتہ آپریٹرز کے پاس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو پی ٹی اے سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق یہ معلومات بظاہر مختلف ذرائع سے جمع کی گئی ہیں تاہم پی ٹی اے کے جانب سے کئے گئے آڈٹس میں لائسنس یافتہ سیکٹر کے اندر کسی خلاف ورزی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ پی ٹی اے کی جانب سے غیر قانونی مواد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اب تک 1,372 ویب سائٹس، ایپس اور سوشل میڈیا پیجز بلاک کئے جا چکے ہیں جو ذاتی ڈیٹا کی فروخت یا شیئرنگ میں ملوث تھے۔ اس حوالہ سے وزارتِ داخلہ نے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو معاملہ کی مزید چھان بین کر رہی ہے ۔