راولپنڈی میں میجر عدنان اسلم شہید کی نمازِ جنازہ ادا ، وزیراعظم، وفاقی وزراء اور آرمی چیف کی شرکت

منگل 9 ستمبر 2025 23:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء)راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں میجر عدنان اسلم شہید کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ۔ میجر عدنان اسلم 2 ستمبر کو بنوں میں دہشتگردوں کے حملے کے دوران بہادری سے اپنی قیادت کرتے ہوئے شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں سی ایم ایچ میں دورانِ علاج جامِ شہادت نوش کیا۔نماز جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزراء ، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور شہید کے اہل خانہ سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "آج قوم نے ایک بہادر سپوت کھو دیا ہے، جن کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ میجر عدنان اسلم پاکستان کی بہترین روایات کے نمائندہ تھے۔

(جاری ہے)

شہید کے اہل خانہ نے بھی ان کی شہادت کو اعزاز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سب کو مبارک ہو، آپ کا دوست شہید ہو گیا ہے۔ ایک اور بیٹا مادرِ وطن پر قربان ہوا ہے۔

اہل خانہ نے مزید کہا کہ میجر عدنان نے اللہ کی راہ میں جان دی ہے جس پر ہم ربِ کائنات کے شکر گزار ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدنان شہید کی قربانی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔ شہید کو ان کے آبائی علاقے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔میجر عدنان اسلم کی بہادری اور جرات کو تاریخ میں سنہری الفاظ سے یاد رکھا جائے گا اور وہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئے ہیں۔