او پی ایف میرپور میں اربوں کی زمینوں پر مبینہ قبضے اور بددیانتی طاہر کھوکھر کا کرپشن کی داستانیں بے نقاب کرنے کا اعلان

منگل 9 ستمبر 2025 19:50

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) میرپور میں مبینہ طور پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی جو عوامی فلاح و بہبود جیسے اسکولز مساجد قبرستان اور کمیونٹی مراکز کے لیے مختص تھی پر ناجائز قبضے بندر بانٹ اور فروخت ہوئی ۔یہ انکشافات پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر اور سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر محمد طاہر کھوکھر نے ایک پریس بیان میں کیے جس میں انہوں نے او پی ایف میرپور میں گزشتہ کئی برسوں سے جاری مبینہ کرپشن اقربا پروری اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

طاہر کھوکھرنے کہا کہ جہاں بوائز ہائی اسکول کی زمین مختص تھی وہاں سرکاری اراضی کو 24 رہائشی پلاٹوں میں تقسیم کر کے فروخت کر دیا گیا یہی نہیں بلکہ ایسے ہی دیگر درجنوں مقامات پر بھی سرکاری ماسٹر پلان کو نظرانداز کر کے بااثر افراد کو فائدہ پہنچایا گیایہ زمینیں اوورسیز پاکستانیوں اور مقامی عوام کے فلاحی منصوبوں کے لیے تھیں مگر یہاں قبرستان اسکول اور مسجد کے پلاٹوں کو بھی نہ بخشا گیا ہر جگہ صرف پیسہ کمایا گیا عوام کو محروم کیا گیا۔

(جاری ہے)

طاہر کھوکھر نے کہا کہ انہوں نے باقاعدہ طور پر اعلیٰ حکام سے ان پلاٹوں کا ریکارڈ طلب کیا لیکن انہیں مہیا نہیں کیا گیاصاف ظاہر ہے کہ چھپانے کو کچھ ہے اور اگر سب کچھ شفاف ہوتا تو ریکارڈ فراہم کرنے میں کوئی حرج نہ تھاسب بہتی گنگا میں نہا رہے تھے کون نکلے گا اس گنگا سے۔انہوں نے کہاکہ پرانے ماسٹر پلان کو بلڈوز کر کے ایک نیا ماسٹر پلان بنایا گیاجس کے تحت سینکڑوں نئے پلاٹ تخلیق کیے گئے اور من پسند افراد کو الاٹ کر دیے گئے زمینوں کی باڑ بندی کر کے انہیں فروخت کیا گیااسلام آباد میں تعینات کچھ بااثر بیوروکریٹس پچھلے پانچ چھ سالوں سے اس اسکیم کو جان بوجھ کر خراب کرتے آ رہے ہیں تاکہ ناجائز منافع کمایا جا سکے یہ ایک منظم کرپشن نیٹ ورک ہے جو عوامی اثاثوں کو لوٹ کر ذاتی بینک بیلنس بھر رہا ہے انہوں نے کہاکہ جلد ہی تمام پلاٹوں کی فہرست شناختی کارڈز الاٹمنٹ کی تفصیلات اور ملوث افسران و شخصیات کے نام منظر عام پر لائیں گے میں ایک ایک چہرے کو بے نقاب کروں گا جو اس قومی جرم میں شامل ہے انہوں نے کہا عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اعلیٰ عدلیہ، نیب، اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ ہے کہ او پی ایف میرپور میں ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔