سعودیہ اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، سعودی ولی عہد کا امیر قطر کو ٹیلی فون

منگل 9 ستمبر 2025 22:05

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء) سعودی عرب نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے کہا کہ مملکت اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ برادر ملک قطر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سعودی عرب نے خبردار کیا کہ اسرائیلی کی جانب سے مسلسل جرائم کے ارتکاب اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

(جاری ہے)

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جارحیت کی مذمت کرے اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔دوسری جانب سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد نے قطر پر اسرائیلی حملے کو مجرمانہ فعل اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت قطر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے برادر ملک کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ میں اس کے ساتھ کھڑی رہے گی۔