خودکشی نے دنیا بھر میں لاکھوں خاندانوں کو متاثر کیا ،ڈاکٹر شکیل احمد

بدھ 10 ستمبر 2025 11:41

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) سینئر میڈیکل آفیسر گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا ہے کہ خودکشی نے دنیا بھر میں لاکھوں خاندانوں کو متاثر کیا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کی رپورٹ کے مطابق ہر سال 7 لاکھ سے زائد افراد خودکشی کرتے ہیں جبکہ ان سے کئی گنا زیادہ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں۔

خود کشی محض ایک ذاتی معاملہ نہیں بلکہ ایک سنجیدہ سماجی اور طبی مسئلہ ہے جسے بروقت اقدامات کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ سُئیسائیڈ پریوینشن ڈے کے موقع پر گورنمنٹ خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نےکہا کہ نوجوان طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے کیونکہ وہ زندگی کے دباؤ، امتحانات کے بوجھ، بے روزگاری، گھریلو تنازعات اور نفسیاتی دباؤ کا سامنا کرتے ہوئے اکثر مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں خاندان اور اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ وہی سب سے پہلے اس بات کو محسوس کر سکتے ہیں کہ کوئی فرد ذہنی دباؤ میں ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ایسے افراد کو سماجی دباؤ سے آزاد ماحول دیا جائے تاکہ وہ کھل کر اپنے مسائل بیان کر سکیں۔انہوں نے زور دیا کہ ذہنی صحت کو عام صحت کے برابر اہمیت دینا وقت کی ضرورت ہے۔

جس طرح ہم جسمانی بیماریوں کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں، اسی طرح ذہنی دباؤ یا ڈپریشن کی صورت میں ماہر نفسیات سے رجوع کرنا کوئی عیب نہیں بلکہ ایک مثبت قدم ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ پاکستان میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ معاشرتی رویے اور بدنامی کے خوف کی وجہ سے اکثر لوگ علاج نہیں کرواتے اور یوں مسئلہ شدت اختیار کر لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ذہنی صحت کے پروگرام اور ری ہیبلیٹیشن مراکز قائم کرنا خوش آئند ہے لیکن اس دائرے کو مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے میڈیا، سول سوسائٹی، اساتذہ اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مل جل کر ایک ایسا ماحول پیدا کریں جس میں نوجوانوں کو امید، حوصلہ اور مثبت رہنمائی مل سکے۔سیمینار کے شرکانے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ خودکشی کی روک تھام کے لیے عوامی سطح پر آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے۔ شرکاء نے عزم کیا کہ وہ اپنی سطح پر ذہنی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں گے تاکہ ایک بہتر، محفوظ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔