پنجاب اسمبلی غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ملتوی

بدھ 10 ستمبر 2025 13:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ،سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں درج مقدمے میں سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آٹھ اکتوبر تک ملتوی کردی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل تنویر چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ چوہدری پرویز الہی علالت کے باعث پیش نہ ہوئے انکے وکیل نے چوہدری پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا جبکہ دیگر ملزمان پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔ دوران سماعت دیگر شریک ملزمان اعجاز، زوہیب اور حیدر شفقات نے بریت کی درخواستیں دائر کر دیں جن پر عدالت نے اینٹی کرپشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دلائل طلب کر لیے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر شریک ملزم مختار رانجھا کی بریت کی درخواست پر بھی دلائل طلب کر لیے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔