قطر پر اسرائیلی حملہ نیتن یاہو کا فیصلہ تھا، میرا نہیں ، ٹرمپ

وزیرِ خارجہ مارکو روبیو قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کا معاہدہ مکمل کریں،بیان

بدھ 10 ستمبر 2025 12:27

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے قطر پر کیے گئے فضائی حملے سے خوش نہیں ہیں، جس میں اسرائیل نے حماس کے سیاسی رہنماں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ مشرقِ وسطی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ میں مکمل بیان جاری کروں گا۔امریکی صدر نے وہ پریس کانفرنس منسوخ کر دی جس میں صحافیوں کو قطر میں حماس کے دفتر پر اسرائیلی حملے سے متعلق سوالات پوچھنا تھے۔

ٹرمپ نے مزید بتایا کہ انھوں نے فوری طور پر اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو ویٹکوف کو قطری حکام کو متوقع حملے سے آگاہ کرنے کی ہدایت دی تھی، لیکن بد قسمتی سے اطلاع وقت پر نہ پہنچ سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملہ امن کے لیے ایک موقع بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے قطر کے امیر اور وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ایسا دوبارہ نہیں ہو گا اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو ہدایت دی کہ وہ قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کو مکمل کریں۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا قطر پر یک طرفہ بم باری، جو ایک خود مختار ریاست اور امریکا کی قریبی اتحادی ہے، جو ہمارے ساتھ بہادری سے امن کے لیے ثالثی میں کردار ادا کر رہی ہے، اسرائیل یا امریکا کے مقاصد کی خدمت نہیں کرتی۔ تاہم انھوں نے مزید کہا کہ حماس کا خاتمہ، جو غزہ کے عوام کی مشکلات سے فائدہ اٹھاتی رہی ہے، ایک اعلی مقصد ہے۔