متحدہ عرب امارات کے صدر کی امیرِ قطر سے ملاقات، قطر کی خودمختاری کی بھرپور حمایت کا اعادہ

بدھ 10 ستمبر 2025 23:21

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں قطر کی خودمختاری کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر، شیخ محمد بن زاید النہیان نے بدھ کوقطر کے امیر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے قریبی تعلقات اور قطر کی سرزمین پر اسرائیلی حملے کے اثرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات دوحہ کے امیری دیوان میں صدر امارات کے ایک روزہ برادرانہ دورے کے موقع پر ہوئی۔شیخ محمد بن زاید نے قطر کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مکمل یکجہتی اور اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ یہ مجرمانہ حملہ قطر کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، جو خطے کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔صدر امارات نے امیرِ قطر کی ان کوششوں کو بھی سراہا جو وہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کر رہے ہیں۔صدر کے ہمراہ آنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم، ابوظہبی کے نائب حکمران اور مشیر برائے قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید النہیان، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان، صدارتی امور برائے ترقی و شہداء کے معاملات کے نائب چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان، اور صدارتی امور برائے خصوصی معاملات کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان شامل تھے ۔

دورے کے اختتام پر صدر امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے جہاں امیرِ قطر اور متعدد شیوخ و اعلیٰ حکام نے انہیں الوداع کہا۔