نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، عدل، مساوات اور اخوت پر مبنی نظام ہی خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا میلاد کانفرنس سے خطاب

بدھ 10 ستمبر 2025 23:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، عدل، مساوات اور اخوت پر مبنی نظام ہی ایک خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح کنونشن سینٹر میں دعوت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ میلاد کانفرنس کی پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے امت مسلمہ کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ کی ولادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، برکت اور نجات کا پیغام ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حقیقی اور دیرپا حل صرف اور صرف سیرت طیبہ ﷺ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

(جاری ہے)

میلاد النبی ﷺ کا پیغام اتحاد، بھائی چارے، مساوات اور امن کا ہے جس پر عمل کر کے ہم ایک پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو نبی اکرم ﷺ کی سیرت کے مطابق ڈھالنا ہوگا، میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہمیں غریبوں، یتیموں اور مستحقین کو ضرور یاد رکھنا چاہیے تاکہ معاشرتی انصاف اور ہمدردی کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں دنیا و آخرت کی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدل، مساوات اور اخوت پر مبنی نظام ہی ایک خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ پاکستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔ انہوں نے میلاد النبی ﷺ کانفرنس کے شاندار انعقاد پر دعوت اسلامی کی انتظامیہ کو مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ اس طرح کے دینی اجتماعات ہمارے ایمان کو تازگی بخشتے ہیں اور ہمیں حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی طرف راغب کرتے ہیں۔