سردار بہادرخان ویمن یونیورسٹی جلد ہی پاکستان کی ٹاپ رینکنگ یونیورسٹیوں میں شامل ہو جائے گی،گورنربلوچستان

بدھ 10 ستمبر 2025 22:48

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ویمن یونیورسٹی صوبے کی واحد یونیورسٹی ہے جو خواتین کی ہائیر ایجوکیشن کیلئے وقف ہے، ایک سال کی قلیل مدت کے دوران ادارے کے تعلیمی معیار اور سہولیات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے،گرلز ہاسٹل کا قیام سنگ میل ہے،آنے والے سالوں میں سردار بہادرخان ویمن یونیورسٹی پاکستان کی ٹاپ رینکنگ یونیورسٹیوں میں شامل ہو جائیگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوویمن یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا،جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے احاطے میں طالبات کیلئے گرلز ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور پرووائس چانسلر بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ معیاری تعلیم اور تعلیمی ماحول کے ساتھ ہم یونیورسٹی کے سیکورٹی کے حالات مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ زیر تعلیم طالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی مطمئن ہو سکیں، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی تمام سائنس لیبارٹریز کیلئے درکار ایکویپمنٹس اور کیمیکلز فراہم کرینگے تاکہ زیر تعلیم طالبات ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جسطرح ہم نے آپ کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کیا اسطرح آپ کی دیگر ضروریات بھی پوری کرنے کیلئےٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ گورنر نے صوبے کے مخیر حضرات پر بھی زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کی ترقی اور خاص طور پر مستحق طالبات کی داد رسی کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔انہوں نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری اخراجات کم کرنے کیلئے اقدامات کریں،ویمن یونیورسٹی میں سیلف فنانس سکیم کے سلسلہ کولائق تحسین قرار دیا۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان نے تمام سائنس لیبارٹریز کا علیحدہ علیحدہ معائنہ کیا اور کورین نیوٹریشن پروجیکٹ کی جانب سے ویمن یونیورسٹی کیلئے وین حوالے کی۔