شازیہ مری کا وفاق کے مختلف محکموں میں ملازمین کی برطرفی پر تشویش کا اظہار

بدھ 10 ستمبر 2025 22:21

شازیہ مری کا وفاق کے مختلف محکموں میں ملازمین کی برطرفی پر تشویش کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے وفاق کے مختلف محکموں میں ملازمین کی برطرفی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ 15 سے 20 سال بعد ڈاکٹروں، اساتذہ اور نرسوں کو نکالنا سنگین ناانصافی ہے۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ یہ پی آئی ایم ایس، پولی کلینک اور وفاقی اسپتالوں کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، قریب 2000 ملازمین گریڈ 16 اور 17 میں اپنی زندگی کے بہترین سال دے چکے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کوئی مالی بوجھ نہیں، ملازمین پہلے ہی مستقل اور خالی آسامیوں پر کام کر رہے ہیں، باقاعدہ تقرری خورشید شاہ کابینہ سب کمیٹی کے ذریعے قانونی طور پر کی گئی تھی۔انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ واضح تحفظ دے چکی ہے، حکومت خلاف ورزی نہیں کر سکتی، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے فیصلہ دیا ہے کہ پارلیمان کے فیصلے تک کوئی کارروائی نہ ہو۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہاکہ ملازمین کو نکال کر پسندیدہ افراد کو لانا سیاسی انتقام ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ عوام کے معاشی حقوق کے لیئے آواز اٹھائی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی ڈاکٹروں، نرسوں اور اساتذہ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے، پیپلز پارٹی متاثرہ ملازمین کو ضرورت پڑنے پر مفت قانونی معاونت بھی فراہم کر سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ یہ مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے، اس مسئلے کے حل کے ذریعے ملازمین کی سروس، روزگار اور عزت کو تحفظ دیا جائے۔