پی ٹی ٹی ایف نے ایشیائی و افریقی اتھلیٹس مشترکہ پیرا ٹریننگ کیمپ کے لیے ٹیم کا انتخاب کر لیا

بدھ 10 ستمبر 2025 21:14

پی ٹی ٹی ایف نے ایشیائی و افریقی اتھلیٹس مشترکہ پیرا ٹریننگ کیمپ کے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ٹی ایف) نے ایشیا اور افریقہ کے کھلاڑیوں کے لئے مشترکہ پیرا ٹریننگ کیمپ میں شرکت کے لئے ٹیم کا انتخاب کر لیا ہے،کیمپ 10 تا 14 نومبر 2025 مصر میں آئی ٹی ٹی ایف ورلڈ پیرا چیلنجر کے ساتھ منعقد ہوگا۔ ٹیم کا انتخاب ٹرائلز میں کیا گیا جن میں پاکستان بھر سے 35 سے زائد مرد و خواتین پیرا اتھلیٹس نے شرکت کی اور اسٹینڈنگ اور وہیل چیئر دونوں کیٹیگریز میں مقابلہ کیا۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس، رشیدہ غزنوی مہمانِ خصوصی تھیں۔پی ٹی ٹی ایف کے مطابق منتخب کھلاڑیوں میں عبداللہ جان اور گلشن بی بی (مرد و خواتین اسٹینڈنگ کیٹگری) جبکہ احسان دانش اور تاجمینہ بی بی (مرد و خواتین وہیل چیئر کیٹگری) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رشیدہ غزنوی نے پیرا اتھلیٹس کے جذبے کو سراہا اور حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معذور افراد کے کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔

انتخابی عمل کی قیادت چیف سلیکٹر میاں ابصار علی نے کی، ٹرائلز کی سربراہی پی ٹی ٹی ایف کے نائب صدر فنانس اور ایشین ٹیبل ٹینس یونین (اے ٹی ٹی یو) پیرا کمیٹی کے رکن کفایت اللہ خان نے کی، تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق شفاف اور منصفانہ جانچ کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ اقدام پاکستان کے اس عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ پیرا اتھلیٹس کو بااختیار بنایا جائے اور انہیں بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ملک کی نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ منتخب کھلاڑی مصر میں منعقدہ اس باوقار ٹریننگ کیمپ میں ایشیا اور افریقہ کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ شرکت کریں گے اور آئندہ عالمی مقابلوں کی تیاری کریں گے۔