Live Updates

سیلاب متاثرین سے ملیں، ان کا ساتھ دیں : شاہد آفریدی کی حکومت اور عوام سے اپیل

میں نے بچوں اور جانوروں کو ایک ہی جگہ سے پانی پینے پر مجبور ہوتے دیکھا اور لوگوں کو 10 کلومیٹر پیدل چل کر برتنوں میں پانی لاتے ہوئے دیکھا : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 ستمبر 2025 13:00

سیلاب متاثرین سے ملیں، ان کا ساتھ دیں : شاہد آفریدی کی حکومت اور عوام ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 ستمبر 2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کُن صورتحال ہے، ایسے میں حکومتوں کو کاروبار نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ 
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے خود تباہ کن سیلاب کے دوران ماؤں، بچوں اور جانوروں کی تکالیف کو دیکھا ہے۔

 
سابق کپتان نے کہا کہ میں نے بچوں اور جانوروں کو ایک ہی جگہ سے پانی پینے پر مجبور ہوتے دیکھا اور لوگوں کو 10 کلومیٹر پیدل چل کر برتنوں میں پانی لاتے ہوئے دیکھا۔ 
اُنہوں نے حکومت اور عوام اپیل کی کہ سیلاب متاثرین سے ملیں، ان کو گلے لگائیں اور اس مشکل وقت میں ان کا سہارا بنیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میں بولتا کم ہوں کام زیادہ کرتا ہوں، میں کرکٹ کیریئر کے آغاز میں اپنے لیے کھیلتا تھا لیکن زندگی میں ایک وقت ایسا ضرور آتا ہے جب ہمیں دوسروں کے لیے اٹھنا پڑتا ہے اور اب ہم اس سفر پر گامزن ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں سب سے کہتا ہوں کہ وہ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ 
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز احمد شہزاد کی جانب سے کمالیہ میں سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ 
قومی کرکٹر احمد شہزاد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب نے بہت زیادہ تباہی مچائی ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں پاک فوج اور ریسکیو کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
احمد شہزاد نے کہا کہ سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات