اسد واحد کی یورپی ایف کلاس شوٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی

بدھ 10 ستمبر 2025 14:05

اسد واحد کی یورپی ایف کلاس   شوٹنگ  چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پاکستانی نشانہ باز اسد واحد نے یورپی ایف کلاس شوٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ برطانیہ کے تاریخی بزلی شوٹنگ گراؤنڈ میں منعقدہ اس عالمی مقابلے میں اسد واحد نے 1000 گز کے مقابلے اور ایف اوپن کیٹیگری میں سلور میڈلز اپنے نام کیے۔ انہوں نے 450 میں سے 419 پوائنٹس حاصل کرکے ٹاپ 5 شوٹرز میں جگہ بنائی اور دنیا کے صفِ اول کے نشانہ بازوں کو سخت ٹکر دی۔

ایف کلاس چیمپئن شپ میں امریکا، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ سمیت متعدد ممالک کے 400 سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا۔ اسد واحد نے ایف ٹی آر کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 208 عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا اور 800، 900 اور 1000 گز کے فاصلوں پر چھ مراحل میں بہترین کارکردگی دکھائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ’’تھری لائنز‘‘ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور اٹلی جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دی۔

اسد واحد کی یہ کامیابی ان کے ٹاپ 5 اوورآل ایوارڈ سے ظاہر ہوتی ہے، جو تمام فاصلوں پر ان کی شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے۔ برٹش نیشنل لیگ سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی ٹرافیاں اور سینکڑوں میڈلز جیتنے والے اسد واحد کی یہ فتح نہ صرف ذاتی کامیابی بلکہ قومی فخر کا لمحہ ہے۔ ان کی اس شاندار کارکردگی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاکستانی ٹیلنٹ عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔\932