غزہ میں مزید 41 فلسطینی شہید، شہدا کی مجموعی تعداد 64 ہزار 6 سو سے بڑھ گئی

بدھ 10 ستمبر 2025 20:16

لندن/غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)غزہ پر اسرائیلی فو ج کے حملے جاری ہیں اور 24 گھنٹوں کے دوران مزید 41 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، شہدا کی مجموعی تعداد 64 ہزار 6 سو سے بڑھ گئی۔قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 41 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 افراد کی لاشیں غزہ کے ہسپتالوں میں لائی گئیں،اس کے علاوہ مزید 184 افراد زخمی ہوئے۔

ان اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 64 ہزار 656 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 503 تک پہنچ گئی ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اور الجزیرہ کی جانب سے تصدیق شدہ فوٹیج میں دکھایا گیا کہ لندن میں فلسطین حامی کارکنان کو پولیس دھکیل رہی ہے جب وہ اسرائیلی صدر کے برطانیہ کے دورے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں پیر کے روز وسطی لندن میں ہرزوگ کی رہائش کے قریب ایک تناؤ کی صورتحال نظر آتی ہے، جہاں پولیس افسر بار بار ’ پیچھے ہٹو’ چلاتے اور نعرے لگانے والے مظاہرین کو دھکیلتے دکھائی دیتے ہیں۔درجنوں برطانوی سیاستدانوں نے اسٹارمر کو خط لکھ کر اس دورے پر اپنی ’ گہری تشویش’ کا اظہار کیا ہے جبکہ کارکنان نے ہرزوگ کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات پر ان کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب ایک برطانوی این جی او نے اسرائیلی صدر ہرزوگ کی برطانیہ آمد پر گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔فرینڈز آف الاقصیٰ (ایف او اے )، جو فلسطینیوں کے انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی ایک تنظیم ہے، نے ہرزوگ کے خلاف فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی شہریوں اور شہری تنصیبات پر اندھا دھند حملوں کی حوصلہ افزائی کی۔