اسلام دشمن ایجنڈے کی تکمیل کی جا رہی ہے، حکومت فوری نوٹس لے، محمد سلیم خان قادری ترابی

کی-الیکٹرک نے جشنِ میلادالنبی ﷺ کو بجلی کی بندش سے تاریکی میں بدل دیا، عوامی اور دینی حلقوں کا شدید ردِعمل

بدھ 10 ستمبر 2025 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں، میلاد کمیٹیوں اور نمائندہ دینی تنظیمات پر مشتمل مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے بانی و چیف آرگنائزر اور مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہار کے تاحیات چیئرمین، ممتاز قومی سماجی رہنما محمد سلیم خان قادری ترابی نے کی-الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کی-الیکٹرک نے جشن میلادالنبی ﷺ جیسی روحانی اور عظیم خوشیوں کو بجلی کی بندش کے ذریعے تاریکی میں دھکیل دیا، جو سراسر مذہبی بے حسی، تعصب اور سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشقانِ رسول ﷺ نے لاکھوں روپے خرچ کر کے گھروں، مساجد، گلیوں اور بازاروں میں چراغاں کیا، مگر لوڈشیڈنگ نے تمام انتظامات کو بے اثر بنا دیا۔

(جاری ہے)

یہ صرف نااہلی نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسلام کے شعائر کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔محمد سلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ یہ محض اتفاق نہیں ہو سکتا کہ ہر سال ربیع الاول میں بجلی کی طویل بندش ہو۔

ہمیں شک ہے کہ اس کے پیچھے ایک منظم لابی ہے جو عشقِ رسول ﷺ کے مظاہر کو محدود کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ ہم کسی بھی طور اپنے دینی شعائر، جشنِ میلاد اور سیرتِ طیبہ ﷺ کی محافل پر قدغن برداشت نہیں کریں گے۔ اگر فوری طور پر صورتحال درست نہ کی گئی، تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔علمائے کرام اور عوامی نمائندوں کے ہمراہ قادری ترابی نے حکومتِ پاکستان، وزیر اعظم، گورنر سندھ اور وفاقی وزیر توانائی سے مطالبہ کیاکہ کی-الیکٹرک کی مذہبی بے حسی کا نوٹس لیا جائے اور آئندہ میلادی ایام میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہم جلد علمائے کرام، دینی جماعتوں اور شہری تنظیموں کے ہمراہ مشاورت کریں گے اور احتجاجی تحریک کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔