پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کینیڈین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کیا جائے،بیرسٹر دانیال چوہدری

بدھ 10 ستمبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری نے تجویز دی ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کینیڈین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کیا جائے۔یہاں جاری بیان کے مطابق بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں پاکستان کینیڈا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے کینیڈا میں بھی کینیڈین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی۔

کنوینئر رکن قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی کی زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں پارلیمانی نمائندوں، پاکستان کے ہائی کمشنر برائے کینیڈا محمد سلیم، تجارت و سرمایہ کاری کونسلر التمش جانجوااور خارجہ امور و تجارت کی وزارتوں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام دونوں جمہوریتوں کے مابین ایک مستحکم پلیٹ فارم تشکیل دے گا جو نہ صرف ہماری سفارتی شراکت کو مضبوط کرے گا بلکہ ہمارے متحرک سمندر پار پاکستانی کمیونٹی کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کینیڈا میں پاکستانی طلباء کے لیے ایک مخصوص سہولتی ڈیسک، بہتر کھیل و تعلیمی تبادلے کے پروگراموں،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون اور صحت کے میدان میں مشترکہ تحقیق و بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے اقدامات شامل کیے۔ہائی کمشنر محمد سلیم نے اس تجویز کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ نہ صرف موجودہ تجارتی چیلنجز کے حل میں معاون ثابت ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے مابین نئے سرمایہ کاری کے دروازے بھی کھولے گا۔

ڈائریکٹر جنرل (امریکاز) عاطیہ اقبال اور ڈپٹی سیکرٹری (امریکاز) تاج محمد نے موجودہ دوطرفہ تعاون کے میکانزمز پر تفصیلی بریفنگ دی اور تجویز کردہ گروپ کے قیام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔اجلاس کے اختتام پر شرکا نے پارلیمانی تبادلوں کو فروغ دینے، ہدف پر مبنی تجارتی اقدامات کو متعارف کرانے اور تعلیم، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں نئے تعاون کے راستے دریافت کرنے کے لیے ایک جامع عملہ پلان ترتیب دینے پر اتفاق کیا۔