تھانہ متنی پولیس کی کارروائی، شہریوں کو مصنوعی زیورات فروخت کرنے والا نوسرباز گینگ گرفتار

جمعرات 11 ستمبر 2025 11:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) تھانہ متنی پولیس نے کارروائی کے دوران مصنوعی زیورات فروخت کرنے والے نوسرباز گینگ کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق مدعی وہاج خان نے تھانہ متنی میں دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کروائی تھی، جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔

(جاری ہے)

ایس پی صدر ڈویژن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے کارروائی کے دوران ملزمان امجد اور گل نبی کو گرفتار کر کے دھوکہ دہی کے ذریعے حاصل کی گئی نقدی، موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی ۔

گرفتار ملزمان شہریوں کو اصلی زیورات کے بدلے دھوکہ دہی کے ذریعےمصنوعی زیورات فروخت کرکے لوٹتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے جرائم کا اعتراف کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس پشاور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا دھوکہ دہی کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دیں۔