بنوں، شمالی وزیرستان اور مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 19 دہشتگرد ہلاک

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) سکیورٹی فورسز نے مہمند ضلع، بنوں اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ معلومات پر نو اور دس دسمبر کی رات کارروائیاں کیں جس میں 19 خوارجی منطقی انجام کو پہنچے۔

ضلع مہمند کے علاقہ گولونو میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا گیا، خوارجیوں کے ٹھکانے پر سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوئے۔دوسرا آپریشن ضلع شمالی وزیر ستان کے عمومی علاقہ دتہ خیل میں کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے۔ضلع بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی دہشت گرد مارا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ خوارجیوں سے اسلحہ بارود برآمد ہوا، خوارج علاقہ میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے، بچے کھچے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔