غیر ملکی مہمان کی آمد،اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری جاری

جمعرات 11 ستمبر 2025 14:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے غیر ملکی مہمان کی آمد و رفت کے باعث 11 ستمبر 2025 کو خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق صبح 08:30 سے 11:30 بجے کے دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

ایڈوائزری کے مطابق شہری ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے کے بجائے منسلک سروس روڈ استعمال کریں ۔بلیو ایریا، سیکٹر F-6 اور F-7 جانے والے H-8 انڈر پاس استعمال کریں۔ریڈ زون اور سرینہ ہوٹل جانے والی ٹریفک مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، ایوب چوک اور نادرا چوک استعمال کرے۔بری امام جانے والے شہری بھی نادرا چوک کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

سیکٹر آئی اور ایچ کی جانب جانے کے لئے راولپنڈی پشاور روڈ اور IJP روڈ سے سروس روڈ اختیار کریں۔

مری روڈ سے سرینہ اور فیض آباد براستہ راول ڈیم بند رہے گا۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لئے مختلف مقامات پر اہلکار تعینات ہوں گے۔ شہریوں کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل کم از کم 20 منٹ اضافی وقت رکھ کر گھر سے نکلیں۔مزید رہنمائی کے لئے شہری ہیلپ لائن 1915 یا ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشکل سے بچا جا سکے۔