پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے ‘شہزاد نذیر سندھو

جمعرات 11 ستمبر 2025 13:20

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی و مسلم لیگی رہنما چودھری شہزاد نذیر سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان نے کبھی بھی جارحیت کا راستہ نہیں اپنایااور ہمیشہ خطے میں امن کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے جبکہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا اور ہمیشہ ملکی دفاع کے لئے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت اب دنیا میں دہشت گردی میں ملوث ہے، پاکستان نے کامیاب سفارت کاری کے ذریعے دنیا میں اپنا نقطہ نظر موثر انداز میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہماری افواج نے پاکستان کو ہی نہیں دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن اور انصاف کی بات کی ہے، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

شہزاد نذیر سندھو نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ کو سینٹ کا ضمنی انتخاب جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی اکائیوں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کیلئے سینیٹرز کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔