بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یومِ وفات عقیدت سے منایاگیا

ملک بھر میں قرآن خوانی کے علاوہ سیمینارز، مذاکرے، تقاریب کا اہتمام، مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:12

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یومِ وفات عقیدت سے منایاگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)بانی پاکستان، بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کا یومِ وفات جمعرات کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات منعقد کی گئیں جن میں قائداعظم کی لازوال خدمات کو یاد کیا گیا۔ بابائے قوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جب کہ مزارِ قائد پر حکومتی و سیاسی شخصیات، مسلح افواج کے نمائندوں اور شہریوں نے حاضری دے کر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

(جاری ہے)

مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک گیر سطح پر سیمینارز، مذاکرے اور تقاریب منعقد کی گئیں تاکہ نئی نسل کو قائداعظم کے افکار و نظریات سے روشناس کرایا جا سکے۔قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام سے حاصل کی اور اعلی تعلیم کے لیے برطانیہ گئے، جہاں 1896 میں بیرسٹر بن کر ہندوستان واپس لوٹے۔1904 میں انہوں نے انڈین نیشنل کانگریس کے اجلاس میں شرکت کر کے عملی سیاست کا آغاز کیا، 1906 میں کانگریس کے رکن اور 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہوئے۔ 1916 میں ان کی کاوشوں سے میثاق لکھن طے پایا جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کی الگ سیاسی حیثیت تسلیم کی گئی۔