Live Updates

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا کی ملاقات ، حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کی بحالی بارے بریفنگ دی

جمعرات 11 ستمبر 2025 15:54

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے ملاقات کی جس میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ حکومتِ گلگت بلتستان متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف پہنچایا گیا ہے، متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور مستقل بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ہدایت دی کہ متاثرین کی مستقل بحالی اور انہیں مستقل طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون حاصل کیا جائے گا تاکہ متاثرین کو درپیش مشکلات جلد از جلد حل کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات بھی کیے جائیں اور متاثرین کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت دی کہ سکردو میں منٹھل واٹر چینل کو فوری بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو پانی کی فراہمی میں پیش آنے والی مشکلات کا فوری ازالہ ہو سکے۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر سکردو کو چینل جلد مکمل کرنے کے واضح احکامات جاری کر دیئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات