صدر مملکت آصف علی زرداری 12 سے 21 ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے،دفتر خارجہ

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:35

صدر مملکت آصف علی زرداری 12 سے 21 ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے،دفتر خارجہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری چینی حکومت کی دعوت پر 12 سے 21 ستمبر 2025ء تک چین کا دورہ کریں گے۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت اپنےدورہ چین کے دوران چینگڈو، شنگھائی ، سنکیانگ اور ایغور سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور وہاں چین کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جن میں خصوصی طور پر اقتصادی و تجارتی تعاون، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور مستقبل کی رابطہ کاری کے منصوبے شامل ہوں گے۔ دونوں ممالک کثیرالجہتی فورمز پر دو طرفہ تعاون بارے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔صدر مملکت کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے جو ہر طرح کے حالات میں تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے دونوں اطراف کی خواہش اور عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ دورہ سی پیک سمیت اقتصادی و تجارتی تعاون کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن،ترقی اور استحکام کے لئے مشترکہ عزم اجاگر کرنے کے لئے باہمی تعاون کا اعادہ کرتا ہے۔\932