پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا دائرہ کار سیالکوٹ کی دیگر تحصیلوں تک بڑھانے کے لیے پولیس اہلکاروں کے انٹرویوز

جمعرات 11 ستمبر 2025 19:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا دائرہ کار سیالکوٹ کی دیگر تحصیلوں ڈسکہ، پسرور اور سمبڑیال تک بڑھانے کیلئے 93 پوسٹوں پر تعیناتی کیلئے انٹرویوز ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اپنے دفتر میں کئے۔ اس موقع پر سیالکوٹ پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔ پنجاب پولیس سے ڈیپوٹیشن پر پیرا میں پوسٹنگز کی جا رہی ہیں تاکہ اس فورس کو فوری طور پر فعال کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ پیرا کا بنیادی مقصد گرانفروشی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے حکومتی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے اور جن علاقوں میں پیرا فورس فعال ہے وہاں پر اس حوالے سے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں پیرا فورس فعال ہو چکی ہے اور اب دیگر تینوں تحصیلوں میں اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جا رہا یے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس میں اچھی شہرت والے اور قابل اہلکاروں اور افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کو جلد از جلد پورے ضلع میں مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے۔