کوئٹہ، زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سےاجلاس

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کوئٹہ حافظ محمد طارق ،کیسکو حکام، زمیندار ایکشن کمیٹی کے مرکزی چیئرمین نصیر شاہوانی، حاجی عبد الرحمٰن بازئی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے ایک خصوصی پیکج متعارف کرایا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد زرعی صارفین کو بجلی کے بحران اور مسلسل لوڈشیڈنگ کے مسائل سے نجات دلانا اور بجلی کی مجموعی طلب میں نمایاں کمی لانا ہے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے معاہدے کے مطابق جن زمینداروں کے ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل ہو چکے ہیں، انہیں اپنے پرانے بجلی کے کنکشنز، تاریں اور ٹرانسفارمرز کیسکو کے حوالے کرنے ہیں۔

تاہم اس عمل میں بعض مشکلات اور رکاوٹیں سامنے آئی ہیں۔اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ اور پشین اضلاع میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی، جس میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر، کیسکو حکام اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی زمینداروں کے تعاون سے رکاوٹوں کو دور کرے گی اور پرانے کنکشنز، تاروں اور دیگر سامان کو مرحلہ وار کیسکو کے حوالے کرے گی۔