فلوٹیلا پر مبینہ اسرائیلی حملہ ، اسرائیل ہمارے شہریوں کے حقوق کا احترام کرے ، اٹلی

جمعہ 12 ستمبر 2025 09:00

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) اٹلی نے اسرائیل سے کہا ہے اسرائیل اس کے شہریوں کے حقوق کا احترام کرے۔ العربیہ کے مطابق یہ مطالبہ ان لوگوں کے حوالے سے کیا گیا ہے جو انسانی حقوق کے کارکنوں کے قافلے کی صورت میں غزہ کی طرف جا رہے ہیں۔ تاکہ غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کی ناکہ بندیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں۔حالیہ چند ہفتوں میں یہ تیسرا فلوٹیلا ہے جو ناکہ بندیوں کے خلاف جا رہا ہے اور اس میں مختلف ممالک کے انسانی حقوق کے کارکنوں کے علاوہ کئی چھوٹی کشتیاں بھی شامل ہیں۔

فلوٹیلا میں شامل کشتیوں پر تیونس کے پانیوں سے گزرتے ہوئے آگ بھڑکانے والی ڈیوائسز سے حملہ کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں وزیر خارجہ اٹلی انتونیو تاجانی نے پارلیمان سے خطاب میں اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ ہمارے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ اس فلوٹیلا پر ہمارے 58 شہری شامل ہیں۔ ہم اپنے ان تمام شہریوں کو سفارتی مدد بھی فراہم کریں گے۔تل ابیب میں سفارتخانہ نے دی گئی ہدایات کے مطابق اسرائیلی حکام سے کہا ہے کہ ہمارے شہریوں کے حقوق کا احترام کیا جائے جو فلوٹیلا کا حصہ ہیں اور ان میں کئی ارکان پارلیمان بھی شامل ہیں ۔وزیر خارجہ نے کہا میں نے اسرائیلی ہم منصب سے خود بھی اس پر بات کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔