روس نے جنگ کے آغاز سے بند تیسرا ایئرپورٹ دوبارہ کھول دیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 09:00

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) روس نےاعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کے جنوب میں ایک بڑے شہر کراسنودار کے ایئرپورٹ کو فضائی ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔ تاس کے مطابق اسے 2022 میں یوکرین میں روسی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا تھا۔ روسی وزارتِ نقل و حمل نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ کراسنودار ہوائی اڈہ 11 ستمبر کو ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 9 بجے (جی ایم ٹی کے مطابق صبح 6 بجے) سے پروازوں کے لیے کھل گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کی کہ جنگ کے آغاز یعنی فروری 2022 سے اس ایئرپورٹ نے کوئی پرواز موصول نہیں کی تھی۔وزارت نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈے کو دوبارہ کھولنا علاقے کے باشندوں اور کمپنیوں کے لیے سفر کے مواقع کو وسعت دے گا اور ازوف اور بحیرہ اسود کے تفریحی مقامات پر تعطیلات گزارنا بھی آسان بنائے گا۔ یہ فیصلہ روسی شہری ہوابازی ایجنسی (روساویاٹسیا) کی ایک ورکنگ ٹیم کی سفارش اور ہوائی اڈے کی کچھ تنصیبات کی تجدید کے بعد کیا گیا۔