Live Updates

زیادہ فرسٹ کلاس سنچریاں، شان مسعود نے سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا

35 سالہ ٹیسٹ کپتان 12 ہزار فرسٹ کلاس رنز مکمل کرنے والے 43 ویں پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 ستمبر 2025 15:24

زیادہ فرسٹ کلاس سنچریاں، شان مسعود نے سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا
لیسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 ستمبر 2025ء ) پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق 35 سالہ شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرلیے ، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے 43ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
لیسٹر شائر سے کھیلتے ہوئے شان مسعود نے گلوسسٹر شائر کے خلاف 111 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے 13 چوکے لگائے، شان مسعود کی فرسٹ کلاس کیرئیر میں یہ 30ویں سنچری ہے، انہوں نے سعید انور کا زیادہ فرسٹ کلاس سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

 
ان کی ٹیم 342 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی، اسے 140 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ 
شان مسعود اب تک 186 فرسٹ کلاس میچز کی 320 اننگز میں 39.57 کی اوسط سے 12108 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 30 سنچریاں اور 53 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

 

زیادہ فرسٹ کلاس سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے بازوں کی فہرست میں ایشن بریڈمین ظہیر عباس 108 سنچریوں کے ساتھ پہلے، جاوید میانداد 80 سنچریوں کے ہمراہ دوسرے، ماجد خان 73 سنچریوں کے ساتھ تیسرے، مشتاق محمد 72 سنچریاں سکور کرکے چوتھے، یونس خان 56 سنچریوں کے ساتھ 5 ویں، لٹل ماسٹر مرحوم حنیف محمد 55 سنچریوں کے ہمراہ چھٹے، شفیق احمد 53 سنچریاں بنا کر 7 ویں، صادق محمد اور اظہر علی 50، 50 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 8 ویں، آصف مجتبی 49 سنچریوں کے ہمراہ 9 ویں، یونس احمد 46 سنچریوں کے ساتھ 10 ویں، آصف اقبال اور انضمام الحق 45،45 سنچریوں کے ہمراہ بالترتیب 11 ویں اور 12 ویں نمبر جب کہ مصباح الحق ، رضوان الزمان اور سلیم ملک 43،43 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 13 ویں نمبر پر موجود ہیں ۔

Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات