کنگ عبداللہ یونیورسٹی، سعودی عرب میں مکمل فنڈڈ عالمی فیلوشپ پروگرام کا اعلان

جمعہ 12 ستمبر 2025 12:58

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) سعودی عرب کی معروف جامعہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سال 2025 کے لیے گلوبل فیلوشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیلوشپ دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے محققین اور سائنسدانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دی جاتی ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، منتخب امیدواروں کو سالانہ 75,000 امریکی ڈالر وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ رہائش، میڈیکل انشورنس، سفری اخراجات، بچوں کی تعلیم اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

فیلوشپ کے لیے درخواست دینے کے لیے ضروری ہے کہ امیدوار نے گزشتہ چار سال کے اندر پی ایچ ڈی مکمل کی ہو یا فیلوشپ کے آغاز سے قبل مکمل کر لے۔ درخواست دہندہ کو کنگ عبداللہ یونیورسٹی کے کسی میزبان پروفیسر (Host PI) سے منظوری لینا بھی لازمی ہے۔ اس فیلوشپ کے تحت ایسے تحقیقی منصوبے قابل قبول ہوں گے جو صحت، ماحول، توانائی، اور مستقبل کی معیشت جیسے شعبوں سے متعلق ہوں۔ درخواستیں انگریزی زبان میں آن لائن دی جائیں گی، اور درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار مزید معلومات اور درخواست فارم کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر KAUST Global Fellowship پروگرام وزٹ کریں۔\932