Live Updates

بارشوں ، سرینگر جموں شاہراہ کی بندش سے باغبانی کے شعبے کو تقریبا6سو کروڑ کا نقصان پہنچا

سیب اور دیگرپھلوں سے لدے سینکڑوں ٹرک کئی روز تک سرینگر جموںشاہراہ پر پھنسے رہے ، بہت سا پھل بوسیدہ ہوگیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 14:20

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور شاہراہوں کی بندش کے باعث پھلوں کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچاہے ۔ ایک اندازے کے مطابق وادی کشمیر میں باغبانی کے شعبے کو 500 سے 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ باغبانی کے ایک سینئر افسرنے کہا کہ باغات شدید متاثر ہوئے ہیں اور اصل اعداد و شمار کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیب اور دیگرپھلوں سے لدے سینکڑوں ٹرک کئی روز تک سرینگر جموںشاہراہ پر پھنسے رہے اور بہت سا پھل بوسیدہ ہوا اورٹرکوں سمیت واپس پہنچا دیا گیا۔کشمیر ویلی فروٹ گروورز اینڈ ڈیلرز یونین کے چیئرمین بشیر احمد بشیر کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں کا 500 سے 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اور وہ سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی برس سے فصلوں کی انشورنش کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ باغبانوں کے لیے ایسی کوئی سکیم موجود نہیں ہے۔

باغبانوں کا کہنا ہے کہ انشورنس کے بغیر انکی مشکلات کا خاتمہ ممکن نہیں۔ سوپور کے رہائشی ایک باغبان نے کہا کہ ژالہ باری یا وقت سے قبل کی برف باری سے انکی پورے سیزن کی کمائی تباہ ہو جاتی ہے اور جب تک انشورنس کا کوئی مناسب طریقہ کار نہیں ہوگا، کاشتکار بدستورموسم اور سرینگر جموں شاہراہ کے حالات کے رحم و کرم پر رہیںگے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات