نئی دہلی کی ہائی کورٹ بم کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد خالی کرا لی گئی

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:12

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہائی کورٹ کو بم کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد خالی کرا لیا گیا۔ شنہوا کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ بم کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعدتمام بنچز کی سماعتیں معطل کر دی گئیں اور عدالت کے احاطے کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ کئی جج صاحبان نے بغیر کسی وضاحت کے اپنی سماعتیں ملتوی کر دیں اور عدالتوں کو خالی کرا دیا گیا۔

پولیس کے مطابق بم کی تلاش اور اسے ناکارہ بنانے والی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی تاکہ تلاشی لی جا سکے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر موجود تھیں۔پولیس افسر نے بتایا کہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور تلاش کا عمل جاری ہے البتہ اب تک کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔