تائیوان کا دفاعی بجٹ 33 ارب ڈالرتک بڑھانے کا منصوبہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:28

تائی پی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) تائیوان کی وزارت دفاع آئندہ سات برسوں کے دوران اپنے دفاعی منصوبوں کے لیے 33 ارب ڈالر تک کا خصوصی فنڈ حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ فنڈ چین کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر ریکارڈ سطح پر ہوگا۔صدر لائی چنگ تے کی جماعت ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی سے تعلق رکھنے والے قانون ساز وانگ ٹنگ-یو نے بتایا کہ وزارت دفاع تقریباً 800 ارب تا 1 کھرب تائیوانی ڈالر (26 تا 33 ارب امریکی ڈالر) کے خصوصی بجٹ پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ تائیوان کے فضائی دفاعی نظام کو مربوط بنانے، چھوٹے ڈرونز، راکٹس اور میزائلز کی بروقت نشاندہی کے لیے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے اور جنگی حالات کے لیے اسلحہ ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

وانگ کے مطابق ہم اپنے ملک کے دفاع کے لیے ایک مکمل دفاعی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر ہم دشمن کے ہتھیاروں کو بروقت شناخت نہ کر سکیں تو ہمارا تمام فائر پاور بیکار ہے۔

تائیوان نے پچھلے ماہ اعلان کیا تھا کہ 2026 کا دفاعی بجٹ 949.5 ارب تائیوانی ڈالر تک بڑھا دیا جائے گا، جو جی ڈی پی کا تین فیصد سے زائد ہے، جبکہ 2030 تک اس شرح کو پانچ فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔یہ خصوصی بجٹ کابینہ اور پھر اپوزیشن کے زیرِ کنٹرول پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ہی نافذالعمل ہوگا۔