یاسین ملک کی پھانسی کی تیاری جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، مشعال ملک کا پرینکا گاندھی کو خط

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ اور انسانی حقوق کی علمبردار مشعال حسین ملک نے بھارتی کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی واڈرا کے نام ایک اہم خط میں خبردار کیا ہے کہ یاسین ملک کو پھانسی دینے کی کارروائی اگر شروع ہوئی تو یہ جنوبی ایشیا میں امن کی آخری اٴْمید کو ختم کر دے گی۔

مشعال ملک نے خط میں لکھا کہ یاسین ملک نے برسوں قبل مسلح جدوجہد ترک کر کے ہمیشہ مکالمے، مذاکرات اور عدم تشدد کا راستہ اپنایا، اور وہ سات بھارتی وزرائے اعظم کے ساتھ امن مذاکرات کا حصہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کا مؤقف ہمیشہ سیاسی اور پٴْرامن رہا، جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتی حکومت، بالخصوص نریندر مودی کی قیادت میں، انتخابی مفادات کے لیے یاسین ملک جیسے رہنماؤں کو نشانہ بنا رہی ہے، تاکہ ہندو ووٹ بینک کو خوش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو دی گئی سزائے موت نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔مشعال ملک نے پرینکا گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ کانگریس کی قیادت کو آمادہ کریں کہ وہ بھارتی پارلیمان میں اس مسئلے پر آواز بلند کرے، یاسین ملک کے لیے منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنایا جائے اور موت کی سزا کی مخالفت کی جائے۔انہوں نے زور دیا کہ یہ صرف یاسین ملک کی زندگی کا معاملہ نہیں بلکہ پورے خطے کے امن، انصاف اور انسانیت کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔