Live Updates

ناانصافیوں اور اداروں کی زیادتیوں کے خلاف 17 ستمبر کو کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے اور جلسہ عام کا کیا جائے گا، نصر اللہ زیرے

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ عوامی مسائل، ناانصافیوں اور ریاستی اداروں کی زیادتیوں کے خلاف پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیراہتمام 17 ستمبر 2025 بروز بدھ کو کوئٹہ میں ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرے اور جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ضلع اور صوبائی ایگزیکٹو کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی، ڈپٹی سیکریٹریز ندا سنگر، رحمت اللہ صابر، سلیمان بازئی، باز محمد پشتون سمیت دیگر رہنماں نے شرکت کی۔صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ کوئٹہ اور گردونواح میں عوام کو بدترین مسائل کا سامنا ہے، جن میں بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بہ صورتحال، ٹریفک جام، کرپشن، مہنگائی اور روزگار کی تباہی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر اور مضافات میں 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے جبکہ واپڈا حکام جبری طور پر بجلی کے میٹر قبضے میں لے کر عوام کو اذیت دے رہے ہیں۔ اسی طرح گیس کی غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ نے گھریلو صارفین خصوصا خواتین کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے، رات دس بجے کے بعد گیس مکمل طور پر بند کر دی جاتی ہے اور صبح چھ بجے کے بعد جزوی طور پر بحال ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورسز کی جانب سے عوام، طلبا اور ملازمین کے ساتھ ناروا رویہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں موٹر سائیکلوں کے غیر قانونی چالان اور پکڑ دھکڑ کی جاتی ہے جس سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صفا کوئٹہ نے شہر کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔ عملہ صرف افسر شاہی اور حکومتی نمائندوں کے علاقوں کی صفائی کرتا ہے جبکہ کوٹوال، نواں کلی، سریاب، عالمو، معین شہر، پشتون آباد، شالدرہ، بائی پاس اور دیگر علاقوں میں گندگی کے پہاڑ لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر چوروں، منشیات فروشوں اور ڈرگ مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔ موبائل چھیننے، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری کے واقعات روز کا معمول ہیں۔ بلیلی کسٹم چیک پوسٹ پر ٹرک ڈرائیوروں کو بلاوجہ گھٹنوں روڈ پر کھڑے کرکہ شہر کے اور صوبے سے آنے والے ٹریفک کی وجہ سے گھنٹوں گھنٹوں روڈ بند ہوتے جس سے مریضوں کا ہسپتال اور ایمرجنسی کی صورت میں انتہائی دوشواری پیش ہوتے ہیں اور عوام ان اقدامات سے تنگ آگیا ہیں جبکہ کسٹم حکام ان غریب طبقے کے ڈرائیوروں سے بھاری رشوت وصول کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڑھی بانوں، محنت کشوں اور مزدوروں کے روزگار کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ٹریفک پولیس غریب مزدوروں اور ریڑھی بانوں کو تنگ کرکے ان سے دو وقت کی روٹی بھی چھین رہی ہے۔ دوسری جانب مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ آٹا دو ماہ کے دوران 30 فیصد مہنگا ہوگیا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں صرف نمائشی اقدامات کر رہی ہیں۔

انہوں نے افغان کڈوال عوام کے خلاف کریک ڈان، ان کے تعلیمی اداروں کی بندش اور جبری طور پر ڈیورنڈ لائن پار کرانے کے عمل کو غیر انسانی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مظاہرے اور جلسہ عام کی بھرپور تیاری کریں۔ اس موقع پر انہوں نے تمام محب وطن شہریوں، مزدوروں، طلبا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 17 ستمبر 2025کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے نکلنے والے احتجاجی مظاہرے اور باچا خان چوک پر ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کرکے ناانصافیوں، مہنگائی اور عوام دشمن اقدامات کے خلاف متحدہ آواز بلند کریں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات