کراچی کے عوام سے صفائی کے نام پر جبری ٹیکس لینا ظلم ہے، پیر ارشدکاظمی

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) تحریکِ اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کراچی میں بجلی کے بلوں کے ذریعے صفائی کے نام پر جبری ٹیکس کی وصولی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے کھلی زیادتی اور عوامی استحصال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کراچی کی اندرونی گلیوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں کی صفائی کی ذمہ داری کوئی ادارہ کھلے الفاظ میں تسلیم نہیں کرتا، تو پھر عوام سے ہر مہینے صفائی کے نام پر رقم کاٹنا کس اصول، کس قانون اور کس ضمیر کے تحت جائز ہی شہر کی حالت بد سے بدتر ہو چکی ہے، جگہ جگہ کچرا، بند نالے، بہتا ہوا سیوریج اور تعفن زدہ فضا عوام کی بے بسی کی تصویر پیش کر رہی ہے، مگر دوسری طرف سرکاری ادارے صفائی کے نام پر بھاری رقوم کاٹ کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پیر ارشد علی شاہ کاظمی نے کہا کہ عوامی پیسے سے تنخواہیں لینے والے ادارے اور افسران اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ہر وصول شدہ رقم کا حساب دیں۔ اگر صفائی کے نام پر رقم لی جا رہی ہے تو زمین پر اس کا عملی مظاہرہ کیوں نظر نہیں آتا کراچی کے عوام سے زبردستی ٹیکس وصول کر کے ان کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے۔ نہ سڑکیں صاف ہیں، نہ گلیاں، نہ نالے اور نہ ہی کوئی مستقل نظام۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ رقم جا کہاں رہی ہے اور کون لوگ ہیں جو عوام کی جیب سے پیسے نکال کر بے فکری سے آرام کر رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ، KMC اور کے الیکٹرک اس معاملے میں فوری وضاحت دیں۔ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جانیں کہ ان کے ادا کردہ ٹیکسز کہاں خرچ ہو رہے ہیں۔ اگر کوئی ادارہ صفائی کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں تو پھر یہ ٹیکس غیر اخلاقی، غیر قانونی اور عوام دشمنی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گی، اگر صورتحال یہی رہی تو عوامی سطح پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور شہر کراچی کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔