Live Updates

حالیہ سیلاب سے پنجاب بھر میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں، ملک امتیاز چنڑ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:02

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء)صدرپیپلز پارٹی میٹرو پولیٹن کارپوریشن ملک امتیاز چنڑ نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے پنجاب بھر میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں سیلاب سے لوگوں کے مال، مویشی اور زرعی اجناس پانی میں بہہ گئے مشکل کی گھڑی میں پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے عوام سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔

وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ بہاول پور کے نواحی علاقے فتو والی،خانو والی اور شریف آباد میں سیلاب متاثرین میں کھانا تقسیم کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر احمد دائود چوہان ایڈووکیٹ،شاہ خصر حسن،آصف بھارا ایڈووکیٹ،رائے عتیق ایڈووکیٹ،عبدالحنان،ملک اجمل جوئیہ،ابوزر کھلو ایڈووکیٹ و دیگر بھی ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں دیکھ کردل افسردہ ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی تمام ترصورتحال سے قیادت کو آگاہ کیا جارہا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کہ وجہ سے پنجاب میں لاکھوں کی تعداد میں گائوں زیر آب آئے اورزرعی اجناس کو نقصان پہنچا۔ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے ہمیں حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔انہوں نے مذید کہا کہ پیپلزپارٹی ڈیموں کے حق میں ہے،ڈیمز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرین کے بجلی کے بلز معاف کیے جائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات