Live Updates

حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کا تیسرا رائونڈ، محمد سلیمان کی شاندار ڈبل سنچری، عبدالصمد 191 رنز کے ساتھ نمایاں

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ کے دوسرے دن محمد سلیمان کی شاندار ڈبل سنچری اور دیگر بلے بازوں کی دلکش بیٹنگ نے شائقین کو محظوظ کیا۔رحیم یار خان میں حیدرآباد کے محمد سلیمان نے کوئٹہ کے خلاف تاریخی اننگز کھیلتے ہوئے 36 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 273 رنز سکور کیے۔

انہوں نے جواد علی بھٹی کے ساتھ آٹھویں وکٹ پر 230 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ جواد علی بھٹی نے 72 رنز بنائے جبکہ محمد ابراہیم نے 117 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کوئٹہ کی پہلی اننگز میں عبدالواحد بنگلزئی نے نصف سنچری بنائی جبکہ جواد علی بھٹی نے گیند کے ساتھ تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔کراچی میں کراچی بلوز اور ڈیرہ مراد جمالی کے میچ میں صرف 45 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، جہاں کراچی بلوز کے ثاقب خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

اسی شہر میں لاڑکانہ کے محسن رضا فاٹا کے خلاف 43 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے تاہم بارش کے باعث آج صرف 50 اوورز کھیلے جا سکے۔دوسرے میدان میں ملتان کے امام الحق نے راولپنڈی کے خلاف اپنی عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 70 رنز بنائے۔ ان کے ہمراہ عمران رفیق نے 65 اور عرفات منہاس نے 52 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔ راولپنڈی کے مبصر خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ملتان میں فیصل آباد کے عبدالصمد نے کراچی وائٹس کے خلاف شاندار 191 رنز سکور کیے جبکہ علی شان نے 61 رنز کی باری کھیلی۔

اس میچ میں معاذ خرم نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔بہاولپور میں لاہور بلوز کے عمر صدیق نے آزاد جموں و کشمیر کے خلاف ناقابل شکست سنچری سکور کی۔ اس سے قبل آزاد جموں کشمیر کی پہلی اننگز میں لاہور بلوز کے عامر جمال نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات