مہاجرین جموں وکشمیر 1989 مابعد کی آبادکاری ومسائل کاحل ،وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)مہاجرین جموں وکشمیر 1989 مابعد کی آبادکاری اور مسائل کے حل کے حوالے سے وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار ظفر محمود، کمشنر بحالیات سردار وحید خان، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ مفتی محمد سجاد، ایڈیشنل سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بشارت نبی، ایڈیشنل سیکرٹری قانون فدا مختارو دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر بحالیات نے محکمہ مال کوہدایت کی کہ مہاجرین 1989کو ترجیحی بنیادوں پر زمین کی الاٹمنٹ کی کارروائی تیز کی جائے۔ تمام اضلاع میں فوری طور پر قابلِ تعمیر جگہوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان مقامات پر مہاجرین کے لیے مکانات کی تعمیر کا عمل شروع ہو سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کمیٹی میں مہاجرین 1989 اور مابعد کے مسائل سے متعلق 14 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا، جس میں فی خاندان پانچ مرلہ مکان کی تعمیر، ماہانہ گزارہ الاؤنس، سرکاری ملازمتوں میں چھ فیصد کوٹہ، ڈومیسائل کا اجراء اور قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی کے لیے مخصوص نشستوں سمیت دیگر اہم مطالبات شامل تھے۔

وزیر بحالیات نے کہا کہ تمام جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔بھارت کے زیر قبضہ ریاست جموں و کشمیر کی ازادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے تحریک کو منظم کیا جائے گا۔