Live Updates

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک کا سیلاب ریلیف کیمپ جھانگی والا کادور،مسائل سنے اور کھانا تقسیم کیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:20

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے جھانگی والا میں قائم نئے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کر کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی دل جوئی کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں متاثرینِ سیلاب میں کھانا بھی تقسیم کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خلیل احمد نے انہیں کیمپ میں فراہم کردہ سہولیات بارے بریف کیا۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے فلڈ ریلیف کیمپ جھانگی والا کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے متاثرینِ سیلاب سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی خدمت ان کا مشن ہے اور وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کیمپ میں موجود بچوں سے پیارکیا اور بزرگوں سے دعائیں بھی لیں۔ ڈپٹی اسپیکرنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام تیزی سے جاری ہیں اور حکومت پنجاب تمام تر وسائل عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لا رہی ہے۔ علاقہ مکینوں نے ملک ظہیر اقبال چنڑ کے اس دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا سیلاب متاثرین میں آنا عوام کے لیے حوصلہ افزا ہے اور اس سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔بعدازاں ڈپٹی سپیکر نے نواب پورہ پتن اور جھوک احمد بخش گرواں میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور صورت حال کا جائزہ لیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات